ابنا: ویٹالی چورکین نے نیویارک میں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے شام کے باغیوں کے لیے ہتھیار بھیجنے والے بعض ممالک کے بظاہر انسان دوستانہ موقف کو مضحکہ خیز قرار دیا اور کہا کہ شام کے بارے میں سعودی عرب کی مجوزہ قرارداد انتہائی یکطرفہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض ممالک کھلم کھلا شام میں ہتھیار اور دہشت گردوں کو بھیج رہے ہیں اور دوسری طرف یہ دعوی بھی کرتے ہیں کہ انہیں شام میں تشدد میں اضافے اور لوگوں کے مرنے پر تشویش ہے۔اس سے قبل روس کی وزارت خارجہ نے بھی کہا تھا کہ روس شام کے بارے میں جنرل اسمبلی کی قرارداد کی حمایت نہیں کرے گا۔ روسی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ بعض عرب ممالک کی طرف سے شام کے خلاف پیش کی جانے والی قرارداد اقوام متحدہ کے منشور کے منافی ہے اور روس اس کی حمایت نہیں کرے گا۔واضح رہے کہ سعودی عرب نے بعض عرب ممالک کی نمائندگی میں شام کے خلاف ایک قرارداد اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پیش کی ہے جس پر جمعہ کے روز ووٹنگ ہو گی۔
.......
/169